نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ جن دھن کے تمام بینک اکاؤنٹس کو آدھار سے مربوط کیا جانا چاہئے جبکہ اُنھوں نے بنکرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ مالیاتی خواندگی پر اپنی کوششوں کو دوگنا کردیں اور اس سمت میں جاری پیشرفت کو تیز تر کردیں۔ اُنھوں نے ایک ای میل تحریر میں تمام بنکرس کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ اُنھوں نے جن دھن یوجنا کو روبہ عمل لانے کے لئے جو غیرمعمولی کام انجام دیا ہے قابل ستائش ہے۔ ملک میں تمام خاندانوں کے منجملہ 99.74 فیصد خاندانوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ ایک حیرت انگیز نشانہ ہے۔ اس پر حکومت اپنے کاموں کو یقینی طور پر مؤثر بنائے گی اور کئی مزید اسکیمات کو ڈائرکٹ بنیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) پلیٹ فارم کے ذریعہ استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم مودی نے ای میل میں لکھا ہے کہ اس پروگرام نے مجھے بے حد خوشی بخشی ہے کہ آپ تمام نے غیرمعمولی کام انجام دیا ہے۔ آپ کی وجہ سے پردھان منتری جن دھن یوجنا کی کامیابی کو یقینی بنایا گیا۔ تمام خاندانوں کے لئے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لئے جو نشانہ مقرر کیا گیا تھا اس کا شاندار ردعمل سامنے آیا ہے۔ 26 جنوری 2015 ء کی تاریخ دے کر یہ نشانہ مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے ہی بنکرس نے اپنا کام بخوبی طریقہ سے انجام دیا ہے۔ میں آپ کو آپ کی غیرمعمولی کوششوں پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ بنکرس نے اس تاثر کو غلط ثابت کردیا ہے کہ بنکرس سست روی سے کام کرتے ہیں، ان کے کام نے انھیں مزید حوصلہ بخشا ہے۔
ان کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ بینک کے راستوں سے میری خواہش ہے کہ وہ تمام بینک اکاؤنٹس کو آدھار سے مربوط کردیں تاکہ بینک کام انجام دینے میں آسان ہوجائے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہر ایک اکاؤنٹ ہولڈر کو آدھار کے لئے اندراج کروایا جائے اور اس کو بینک اکاؤنٹ سے مربوط کردیا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اس کام کو وقت مقررہ کے اندر شاندار طریقہ سے انجام دیں گے اور بینک اکاؤنٹس کی کشادگی میں ہر خاندان کی مدد کریں گے۔ جن دھن پروگرام ایک بڑی مالیاتی اسکیم ہے جس کو وزیراعظم نے گزشتہ سال 28 اگسٹ کو شروع کیا ہے۔ ہمارے تمام شہریوں کو بینک اکاؤنٹس فراہم کئے جائیں جس سے جمع بندی، انشورنس اور پنشن خدمات کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔