جن دھن کھاتوں میں جمع کردہ رقم میں منسوخ شدہ

نوٹوں کی مالیت کے انکشاف کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی اطلاعات کمیشن نے آر بی آئی کو ہدایت دی ہیکہ جن دھن کھاتوں میں جو مختلف بینکوں میں قائم ہیں، جمع کردہ رقم میں منسوخ شدہ نوٹوں کی مالیت کا انکشاف کیا جائے۔ اگست 2014ء پردھامنتری جن دھن یوجنا کا قومی سطح پر آغاز ہوا تھا اور اس تک بینکنگ کے سیونگ کھاتوں اور ڈپازٹ اکاؤنٹس کو رسائی یقینی بنائی گئی تھی۔ ان کھاتوں میں نومبر 2016ء میں منسوخ شدہ نوٹ جمع کروائے گئے تھے۔ جب کھاتوں میں ڈپازٹ شدہ رقم میں اچانک اضافہ دیکھا گیا اور یہ تقریباً جاریہ سال اپریل میں 80 ہزار کروڑ روپئے مالیت کے ہوگئے تو انفارمیشن کمشنر سدھیر بھارگو نے آر بی آئی کو حکم دیا کہ منسوخ شدہ کرنسی کی مالیت کا انکشاف کیا جائے جو جن دھن کھاتوں میں جمع کروائی گئی ہے تاکہ سبھاش اگروال کے مطالبہ پر انہیں منسوخ شدہ نوٹوں کی مالیت بتائی جاسکے۔ مرکزی حکومت نے 1000 روپئے اور 500 روپئے مالیت کی نوٹ نومبر 2016ء میں منسوخ کردی تھیں۔ بھارگو نے آر بی آئی سے خواہش کی کہ اگر اس سلسلہ میں معلومات دستیاب نہ ہوں تو بینکرس کے بینک کو چاہئے کہ کمیشن میں ایک حلفنامہ داخل کرے تاکہ مقدمہ بند کیا جاسکے۔ بینکرس کے بینک نے ایک حلفنامہ کمشنر کو داخل کرنے کا اقدام کیا لیکن ریکارڈ سے متعلق معلومات اس کے پاس دستیاب نہیں تھیں۔