جن دھن اکاونٹ صرف دو فوٹوز کے ذریعہ بھی کھولا جاسکتا ہے

نئی دہلی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فینانس نے آج کہا ہیکہ جن دھن بنک اکاونٹ کھولنے کیلئے جن کے پاس کارآمد درکار دستاویزات یا آدھار کارڈ نہیں ہے وہ دو دستخط شدہ فوٹوز متعلقہ برانچ میں پیش کرتے ہوئے اکاونٹ کھول سکتے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ آر بی آئی نے 26 اگست 2014ء کو یہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں کہ جن کے پاس سرکاری کارآمد دستاویزات یا آدھار نمبر نہ ہو وہ دو فوٹوز جن پر ان کے دستخط ہوں متعلقہ برانچ میں پیش کرسکتے ہیں۔ تاہم یہ بھی کہا گیا کہ ایسے اکاونٹس کو چھوٹے اکاونٹس تصور کیا جاتا ہے اور عام طور پر یہ 12 ماہ کیلئے کارآمد ہوتے ہیں۔ تاہم متعلقہ ثبوت پیش کرتے ہوئے اسے مستقل اکاونٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ جن دھن یوجنا کے تحت اب تک 4.18 کروڑ اکاونٹس کھولے گئے ہیں۔