جن اوشدھی اسٹورس میں اضافہ

نئی دہلی ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت جنریک ادویات کو عوام کی دسترس تک پہونچانے کے مقصد سے جن اوشدھی اسٹورس کی تعداد میں 36 فیصد اضافہ کرے گی ، اس کے علاوہ 577 ادویات یہاں دستیاب رہیں گی ۔ لوک سبھا میں آج منسٹر آف اسٹیٹ ہنس راج گنگارام آہیر نے تحریری جواب میں بتایا کہ مریضوں کو راحت فراہم کرنے کے حصہ کے طورپر یہ اقدام کیا جارہا ہے ۔ اس وقت 100 جن اوشدھی اسٹورس ہیں جن کی تعداد 136 کردی جائے گی اور اس وقت 425 ادویات فراہم کی جارہی ہیں جسے بڑھاکر 577 کردیا جائے گا ۔
ایل او سی کا پاس و لحاظ رکھنے کی خواہش
نئی دہلی ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان سے تمام سطحوں پر یہ خواہش کی ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کا پاس و لحاظ رکھے اور بین الاقوامی سرحد و ایل او سی پر 2003 ء جنگ بندی معاہدہ کی تعمیل کرے۔ منسٹر آف اسٹیٹ برایء داخلہ چودھری نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات کو موجودہ مختلف میکانزم بشمول ہاٹ لائینس ، فلیگ میٹنگس اور ڈائرکٹوریٹ جنرلس ملٹری آپریشنس کی بات چیت کے دوران اُٹھایا جاتا رہا ہے ۔ حکومت نے ہر سطح پر پاکستان سے یہ خواہش کی ہے کہ وہ ایل او سی کا پاس و لحاظ رکھے۔