نئی دہلی۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے غیر معمولی بیماریوں سے متاثر لوگوں کو سستی اور معتبر دوائیں فراہم کرنے کے لئے بلاک سطح پر جن دوا کے مرکز کھولنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب تک مختلف مقامات پر اس قسم کے 3177 مرکز کھولے جا چکے ہیں۔کیمیکل اورفرٹیلائزرز کے وزیر اننت کمار نے کہا کہ حکومت بلاک سطح پر جن دوا کے مرکز کھولنے کیلئے پابند عہد ہے ۔ جن دوا مراکز سے امراض قلب، کینسر ، ٹی وی ، ذیابیطس جیسی بیماریوں کی دوائیں بازار کے مقابلہ میں معمولی قیمت پر ملتی ہیں۔ ان مرکزوں سے تقریباً 600 قسم کی ادویات اور 150صحت سے متعلق سازوسامان دستیاب ہیں۔ملک میں تقریباً 10 ہزار دوا ساز کمپنیاں ہیں جن میں سے 1200 کمپنیوں کی دوائیں عالمی صحت تنظیم کے معیار جی ایم پی کے تحت منظور ہیں اور ان ہی کمپنیوں سے جن دوا مرکز کیلئے جینرک دوائیں خریدی جاتی ہیں۔ ان کمپنیوں کی دوائیں دنیا کے تقریبا ً200ملکوں میں فروخت کی جاتی ہیں۔