جنید کیس: فریدآباد کی عدالت میں سماعت پر حکم التواء

مہلوک کے والد جلال الدین کی عرضی پر حکومت ہریانہ و سی بی آئی کو ہائیکورٹ کی نوٹس
چندی گڑھ ۔ 5 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب اینڈ ہریانہ ہائیکورٹ نے آج 17 سالہ جنید خان کو شدید زدوکوب کے ذریعہ قتل کئے جانے کے معاملے میں سماعتی عدالت کی کارروائی کو روک دیا ۔ جنید کو جون میں ایک ٹرین میں مار پیٹ کر موت کے گھاٹ اُتارا گیا تھا ۔ ہائیکورٹ کی ڈیویژن بنچ نے حکومت ہریانہ اور سی بی آئی کو جنید کی فیملی کی عرضی پر نوٹس بھی جاری کی ہے ۔ عرضی میں عدالت سے اس معاملے کی مرکزی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کی استدعا کی گئی ہے ۔ جنید کے والد جلال الدین کے کونسل ارش دیپ سنگھ چیما نے کہا کہ ہائیکورٹ نے آج فریدہ آباد میں عدالت کی سماعتی کارروائی پر حکم التواء جاری کیا ۔ جنید کی ہلاکت کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے عرضی جسٹس مہیش گروور اور جسٹس راج شیکھر اَتری پر مشتمل ڈیویژن بنچ کے روبرو پیش کی گئی ۔ جنید کے والد نے گزشتہ ہفتہ سنگل بنچ کے 27 نومبر والے فیصلے کے جواز کو چیلنج کیا تھا ، جس میں اُن کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کی استدعا مسترد کردی گئی تھی ۔ ہائیکورٹ کی سنگل بنچ نے کہا تھا کہ سماعت کے دوران شکایت کنندہ یہ واضح کرنے سے قاصر رہا کہ تحقیقات میں سنگین نوعیت کی خامیاں ہیں جو یہ نتیجہ فراہم کرتی کہ جاریہ تحقیقات ناقص اور بے اعتبار ہیں۔ یہ کیس اب 11 جنوری کو سماعت کے لئے پیش ہوگا۔ درخواست گذار نے فریدہ آباد کی عدالت میں جاری ٹرائیل پر حکم التواء جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا ، چنانچہ اب یہ سماعت روک دی گئی ہے ۔

شرد ، انور کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ مشکوک : یچوری
نئی دہلی ۔ 5 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر و راجیہ سبھا چیرمین ایم وینکیا نائیڈو کا باغی جے ڈی یو قائدین شرد یادو اور علی انور کو ایوان بالا سے نااہل قرار دینے کا فیصلہ مشکوک معلوم ہوتا ہے ۔ سی پی آئی (ایم ) جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج یہ ریمارک کیا اور تعجب ظاہر کیا کہ بڑی سرعت کے ساتھ یہ فیصلہ کردیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ صدرنشین راجیہ سبھا کا فیصلہ قطعی ہوتا ہے جس پر سوال نہیں اُٹھایا جاسکتا لیکن ارکان راجیہ سبھا شرد یادو اور علی انور کو جس تیزی کے ساتھ ایوان سے باہر کیاگیا وہ بعض سوالات کھڑے کرتا ہے ۔ اس طرح کی عجلت پسندی کی کوئی وجہ ظاہر نہیں ہورہی ہے ۔ شردیادو اور علی انور کو دوشنبہ کی رات راجیہ سبھا سے نااہل قرار دیا گیا ۔