جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان نے آج ایل او سی پر ہندوستانی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرتے ہوئے اپنی شکایت درج کروائی ۔ یاد رہے کہ اس واقعہ میں دو شہری ہلاک ہوگئے اور دیگر چھ زخمی ہوگئے ۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے بتایا کہ ہندوستانی سیکوریٹی فورس نے بارو اور تنڈار سیکٹرس میں فائرنگ کی ۔ ڈائرکٹر جنرل ( ایس اے اور سارک ) محمد فیصل نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے ہندوستانی سیکوریٹی فورسیس کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کرنے کے واقعہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے ہندوستان سے خواہش کی کہ 2003 کی جنگ بندی معاہدہ کا احترام کرے اور حالیہ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی اور فائرنگ کی تحقیقات کی جائے ۔