جنگی یادگار کی تختی لاپتہ صدرجمہوریہ نے افتتاح کیا تھا

امپھال ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر منی پور اور کھونگجوم وار میموریل ٹرسٹ کے سربراہ ایم ہیمنت نے آج ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ اس یادگار کے افتتاح کیلئے لگائی گئی تختی لاپتہ ہے۔ یہ افتتاح صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے گزشتہ شنبہ کو انجام دیا تھا۔ 1891ء کی اینگلو۔ منی پوری جنگ کی آخری لڑائی کی یاد کے طور پر 125 ویں سالانہ یوم کھونگجوم تقاریب منائی گئیں۔ اس کے تحت وار میموریل مونومنٹ و ٹورسٹ سنٹر کا افتتاح ہوا۔ اس ضمن میں نصب کردہ تختی پر صدرجمہوریہ مکرجی کا نام کندہ ہے۔ ہیمنت نے کھونگجوم پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرانے کے بعد نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں کے خلاف شکایت کی گئی جو اس واقعہ کیلئے ذمے دار ہیں، جو 24 اپریل کو منظرعام پر آیا۔