نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بحریہ کے جنگی آبدوز کو حادثہ پیش آنے کے بعد بحریہ سربراہ ایڈمرل بی کے جوشی نے اس حادثہ کو اپنی اخلاقی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے استعفیٰ کو وزیردفاع اے کے انٹونی نے فوری طور پر قبول کرلیا۔ 59 سالہ جوشی نے استعفیٰ اس وقت دیا جب روسی ساختہ آبدوز آئی این ایس سندھورتنا میں اچانک دھویں کا آغاز شروع ہوگیا جس میں 7 ملاح زخمی ہوئے۔ جوشی کی سرویس کیلئے 15 ماہ باقی ہے۔ یہ حادثہ ممبئی کے ساحل پر پیش آیا۔
7 ملاح شدید بیمار ہوگئے اور دو آفیسر لاپتہ ہیں۔ آبدوز میں دھواں اٹھا جس سے ملاح دم گھٹنے سے علیل ہوئے۔ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دواخانہ منتقل کیا گیا۔ وزارت دفاع نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فضائیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ ہندوستانی فضائیہ کے جنگی جہاز کا دسواں حادثہ ہے اور گذشتہ 7 ماہ کے دوران آبدوز کا تیسرا حادثہ ہے۔