ماسکو ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سائبریا میں خشک گھاس کے ڈھیروں میں آگ لگنے سے پھیلنے والی مہیب جنگل کی آگ میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ روسی عہدیداروں کے مطابق آگ کے پیش نظر سینکڑوں افراد کا وہاں سے تخلیہ کروایا گیا ہے جبکہ 62 افراد ایسے ہیں جنہیں زخمی حالت میں ہاسپٹلس سے رجوع کیا گیا جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ مہلوکین میں 3 مرد اور2 خواتین شامل ہیں۔ ریانووستی خبر رساں ایجنسی نے بھی آئرنیا کے حوالہ سے ہلاکتوں کی توثیق کی۔ دوسری طرف علاقائی حکام نے بتایا کہ تقریباً 560 خاندانوں کو ہالی ڈے کیمپس اور دیگر عارضی ٹھکانوں پر منتقل کیا گیا ہے۔ روس کی وزارت ہنگامی حالات کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے 8 طیاروں اور ہیلی کاپٹرس، آگ بجھانے والی ٹرینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔