جنگل میں جنگجو مخالف آپریشن جاری، جھڑپ میں مزید 2 جنگجو ہلاک

سری نگر، 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے پانار جنگل میں 9 جون سے جاری جنگجو مخالف آپریشن میں پیر کی علی الصبح مزید 2 جنگجو مارے گئے ۔ مزید دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ اب تک مارے جانے والے جنگجوؤں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔ گذشتہ دس دنوں سے جاری اس جنگجو مخالف آپریشن میں اب تک ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہیں۔ بھارتی فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘آپریشن پانار فارسٹ (بانڈی پورہ)۔ جاری آپریشن میں آج مزید دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ اس سے قبل دو جنگجوؤں کو 12 جون 2018 کو مارا گیا تھا۔ اب تک چار جنگجوؤں کو مارا جاچکا ہے ۔ آپریشن جاری ہے ‘۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘ پانار جنگل میں پیر کی علی الصبح طرفین کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا۔ جنگجوؤں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی پیشکش ٹھکرائی گئی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم ہوا۔ اس میں دو جنگجو مارے گئے ۔ وہ بظاہر غیرملکی نظر آتے ہیں’۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں فوج کی 14 اور 22 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے علاوہ پیرا کمانڈوز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے بتایا ‘ہم نے پانار جنگل میں سرچ آپریشن بڑے پیمانے پر جاری رکھا ہے ۔ گھنے جنگل میں مزید جنگجوؤں کے چھپے ہونے کا شبہ ہے ۔ جنگل میں موجود سبھی جنگجوؤں کو ہلاک کئے جانے تک آپریشن جاری رہے گا’۔ انہوں نے مزید بتایا ‘جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے جنگل کو چاروں اطراف سے سیل رکھا گیا ہے ‘۔ ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔ پانار جنگل میں اس سے قبل 14 جون کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں دو جنگجو اور ایک فوجی اہلکار مارے گئے ۔ فوج نے 9 جون کو علاقہ میں جنگجوؤں کے ایک بڑے گروپ کے چھپے ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں گذشتہ تین ہفتوں کے دوران دراندازی کی قریب پانچ کوششیں ناکام بنائی گئیں جن میں قریب 18 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم دراندازی کی ان پانچ کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر برف پگھلنے کے ساتھ ہی سرحد کے دوسری طرف بیٹھے جنگجوؤں نے بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج چوکنا ہے ۔