جنگل سے قبائلیوں کی بے دخلی کے حکم پر سپریم کورٹ کا حکم التواء

نئی دہلی، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ملک بھر کے قبائلیوں اور جنگل کے باشندوں کو جمعرات کے روز بڑی راحت دیتے ہوئے انہیں بے دخل کرنے کے اپنے سابقہ حکم پر فی الحال روک لگا دی۔ جسٹس ارون کمار مشرا، جسٹس نوین سنہا اور جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ نے 13 فروری کے اپنے حکم پر روک لگائی ہے ۔ اس سلسلے میں عدالت نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سرزنش کی۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 10 جولائی کو ہوگی۔ عدالت عظمی نے اپنے حکم پر روک لگانے کا فیصلہ مرکزی حکومت کی جانب سے قبائلیوں کو جنگلوں سے ہٹانے کے حکم پر روک لگانے کے معاملے میں سماعت کے دوران دیا۔