جنگلات کے عہدیداروں کے تحفظ کیلئے سیکوریٹی فراہمی کے اقدامات

مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات کا تیقن، چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ دولہ پلی فاریسٹ اکیڈیمی
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ جنگلات کا تحفظ کرنے کے ساتھ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں و ملازمین کی سیکوریٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے مسلح دستوں کو فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات میں پائی جانے والی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ آج یہاں دولا پلی فاریسٹ اکیڈیمی کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مذکورہ اعلان کیا اور اس موقع پر محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ سابق حکومتوں نے محکمہ جنگلات بشمول ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے جنگلات کا تحفظ کرنے میں نہ صرف اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ کافی غفلت و لاپرواہی اور کوتاہیاں برتیں جس کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں جنگلات کو کافی نقصان ہوا ہے۔ تاہم موجودہ حکومت ریاست تلنگانہ میں جنگلات کا تحفظ کرنے اور جنگلات کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے گی اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر موجودہ قوانین میں ترمیمات کے ذریعہ نئے قوانین بھی مرتب کرنے کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی جانب سے درج کئے جانے والے کیسیس (مقدمات) کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے دولاپلی فاریسٹ اکیڈیمی کے احاطہ میں پودے لگائے اور عہدیداران و ملازمین جنگلات کو اس بات کا واضح تیقن دیا کہ ان کی حکومت ان کو (عہدیداروں و ملازمین کو) درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی بشمول ترقی و دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔