جنگلاتی علاقوں میں ماحولیاتی سیاحت کے مقامات کو ترقی کا منصوبہ

قانون ساز کونسل میں کے پربھاکر کے سوال پر وزیر جنگلات جوگو رمنا کا بیان
حیدرآباد۔29ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ جنگلات نے ریاست کے مختلف مقامات پر موجود جنگلاتی علاقوں کو ماحولیاتی سیاحت کے مقامات کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ریاستی وزیر جنگلات مسٹر جوگو رمنا نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قانون ساز کونسل مسٹر کے پربھاکر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سیاحت کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے اقدامات بھی انتہائی کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور اس اہمیت کے پیش نظر حکومت نے تلنگانہ میں موجود جنگلاتی علاقوں میں جنگلات کو نقصان پہنچائے بغیر سیاحت کے فروغ کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ جب کہ محبوب نگر‘ میں ماحولیاتی سیاحت کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مولگو‘ میڈارم‘ تڑوائی‘ دمروائی‘ ملورو‘ اور بوگتھا آبشاروں کو ترقی دیتے ہوئے انہیں سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔جب کہ  ریاست کے جنگلاتی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ترقی کے نام پر کسی جنگل کو نقصان پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔کنراسانی میں جنگلی جانور وں کے تحفظات کیلئے جگہ کی فراہمی کا منصوبہ ہے۔وزیر جنگلات نے بتایا کہ ماحولیاتی سیاحت کے سلسلہ میں منچریال کے علاقہ جنارم میں قدرتی پارک کی تیاری کا منصوبہ ہے۔ریاست میں موجود جنگلات کے علاقوں کو ترقی دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ جنگلات سنجیدہ ہے اور جنگلات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ریاست میں ماحولیات کے تحفظ کے اقدامات کئے جا سکیں۔مسٹر کے پربھاکر نے حکومت سے استفسار کیا تھا کہ آیا واقعی حکومت کی جانب سے جنگلاتی علاقوں اور آبشاروں کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے؟ ریاستی وزیر نے کہا کہ ترقی دینے کا منصوبہ ہے لیکن معینہ وقت کے دوران مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع نلگنڈہ میں ناگرجنا ساگر کے اطراف کے علاقہ کو بھی ترقی دینے کا منصوبہ ہے اور اسے بھی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔