پاکستان ہمارا دشمن ملک ۔ ڈائرکٹر جنرل بی ایس ایف کا بیان
جموں ، 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے پاکستان کو ‘دشمن پڑوسی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ جنگجوؤں کو بھارتی حدود میں داخل کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے راستے سے ظاہری طور پر پانچ جنگجوؤں کا ایک گروپ دراندازی کرنے میں کامیاب ہوا ہے ۔ کے کے شرمامنگل کے روز یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر بی ایس ایف جموں کے آئی جی رام اوتار بھی موجود تھے ۔ ڈی جی بی ایس ایف نے کہا ‘ہمیں مان کر چلنا چاہیے کہ پاکستان ہمارا دشمن پڑوسی ہے ۔ وہ ہمیشہ اس کوشش میں رہتا ہے کہ کس طرح جنگجوؤں کو بھارتی حدود میں داخل کرایا جائے ۔ وہ اپنی طرف سے لگاتار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے ‘۔