جنگجوؤں کو تشدد ترک کرنے کی ترغیب دیں، گیلانی سے اپیل

سری نگر29جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کی برسراقتدار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان مظفر حسین بیگ نے حریت کانفرنس (گیلانی) چیرمین سید علی شاہ گیلانی سے اپیل کی کہ وہ جنگجوؤں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تشدد غیراسلامی فعل ہے ۔ بیگ نے آج یہاں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ڈی پی کے 18 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تشدد اسلام کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے ۔ میں گیلانی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنگجوؤں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کے لئے کہیں۔ انہوں نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے ہاتھوں 7 علیحدگی پسند قائدین کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرر فنڈنگ کے معاملات میں ملوث لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہئے ۔ تاہم بیگ نے کہا کہ وہ لوگ (علیحدگی پسند) جو بے گناہ ہیں، جن کا اسکولوں کو نذر آتش کرنے اور معصوموں کی ہلاکت میں کوئی کردار نہیں ہے ، اُن کوستایا نہیں جائے گا۔