سری نگر ، 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چیوگام قاضی گنڈ میں پانچ مقامی جنگجوؤں اور ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف کلگام اور اننت ناگ اضلاع میں اتوار کو ہڑتال کی گئی۔ دریں اثنا وادی میں ریل خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ جبکہکلگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی بھی دوسرے دن میں داخل ہوگئی۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کولگام اور اننت ناگ اضلاع کے بیشتر قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں اتوار کو ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی۔