جنگائوں مارکٹ فیس میں خردبرد پر 4 عہدیدار معطل

وزیر مارکٹنگ ہریش رائو کی کارروائی، الوال مارکٹ کو عصری بنانے اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و مارکٹنگ ٹی ہریش رائو نے جنگائوں مارکٹ فیس میں مبینہ خردبرد پر 4 عہدیداروں کو معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جنگائوں مارکٹ میں 5 لاکھ 22 ہزار روپئے فیس کا غلط استعمال کیا گیا۔ اس معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد مارکٹ سکریٹری سنتوش کمار، سپروائزر رمیش، محمد پاشاہ اور اٹینڈر محمد علی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہریش رائو نے مارکٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ رقم میں بدعنوانیوں کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یکم ستمبر سے مارکٹ کے تمام امور آن لائین انجام دینے کی ہدایت دی تاکہ بے قاعدگیوں کو روکا جاسکے۔ ہریش رائو نے ڈائرکٹر مارکٹنگ لکشمی بائی کو ہدایت دی کہ آن لائین سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ اسی دوران ہریش رائو نے الوال رعیتو بازار کو عصری بنانے کے لیے عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد کیا۔ مارکٹنگ، کنٹونمنٹ، آر اینڈ بی اور ریلویز کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے رعیتو بازار کو عصری بنانے کے لیے درکار اراضی کے حصول کے لیے مشترکہ سروے کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر الوال رعیتو بازار کو عصری بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بازار میں عوام کے لیے بہتر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کنٹونمنٹ ریلوے اور آر اینڈ بی کے حکام اراضی فراہم کرتے ہیں تو ایک مثالی رعیتو بازار قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اراضی کے مشترکہ سروے کے ذریعہ جلد سے جلد نشاندہی کریں تاکہ کام کا جلد آغاز کیا جاسکے۔ ہریش رائو نے کہا کہ موجودہ رعیتو بازار موزوں مقام پر نہیں ہے لہٰذا اسے ہائی ٹیک سٹی فلائی اوور کے پاس قائم کیا جاسکتا ہے۔ گڈی انارم مارکٹ یارڈ کے قریب میٹرو اسٹیشن کی موجودگی کے سبب ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ اس دشواری کو دور کرنے کے لیے حیات نگر منڈل میں 178 ایکڑ پر 164 کروڑ کے قرض سے عصری مارکٹ یارڈ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ تعمیری کام کے آغاز کے لیے جلد سے جلد ٹینڈر طلب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ہریتاہارم پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ریاست بھر میں تمام گوداموں اور مارکٹ یارڈ میں ایک لاکھ پودوں کی شجرکاری کے لیے ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دیڑھ تا دو میٹر کے پودوں کو لگایا جائے اور ان کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نتائج کے لیے پودوں کی نگہداشت ضروری ہے۔ انہوں نے شجرکاری کے لیے خصوصی مہم چلانے کا مشورہ دیا۔ جائزہ اجلاس میں مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں لکشمی بائی، او ایس ڈی جناردھن رائو، ایڈیشنل ڈائرکٹر، جوائنٹ ڈائرکٹرس اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔