کل تک ساحلی آندھرا و رائلسیما میں بھی بھاری بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 7 جون ( سیاست نیوز) جنوب مغربی مانسون رائلسیما اور ساحلی آندھرا پردیش کے کچھ علاقوں میں سرگرم ہے اور یہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں داخل ہوسکتا ہے ۔ مغربی وسطی خلیج بنگال اور شمال مغربی خلیج بنگال میںہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال بنی ہوئی ہے اور اس کے اثر سے شمالی خلیج بنگال میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران موسمی تبدیلی رونما ہوگی ۔ آج اور کل ہلکی سے اوسط بارش تلنگانہ میں کئی مقامات پر ہوسکتی ہے اس کے علاوہ کچھ مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان ہے ۔ جنوب مغربی مانسون کی سرگرمی کا سلسلہ چل رہا ہے اور تلنگانہ ‘ رائلسیما اور ساحلی آندھرا پردیش میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید سے بہت زیادہ شدید بارش تلنگانہ میں تمام اضلاع میں ہوسکتی ہے جبکہ رائلسیما میںکچھ مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے اوسط بارش اور گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ اس دوران گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں آندھرا پردیش کے کرشنا ‘ گنٹور اور وجیانگرم اضلاع میں اور تلنگانہ کے بھونگیر ‘ منچریال ‘ عادل آباد ‘ گدوال اور کاماریڈی اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یادو موقعوں پر بارش کا بھی امکان ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 36 ڈگری اور اقل ترین 25 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔