ریاست میںاقتدار حاصل کرنا ہمارا مقصد : ڈاکٹر کے لکشمن
حیدرآباد 23 مئی ( پی ٹی آئی ) کرناٹک کے بعد جنوبی ہند میں تلنگانہ وہ دوسری ریاست ہوگی جہاں بی جے پی کے فروغ کے امکانات بہت زیادہ روشن ہوگئے ہیں۔ ریاستی بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوب میں بی جے پی کیئلے کرناٹک کے بعد تلنگانہ ایک زرخیز علاقہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی نے چار لوک سبا حلقوں عادل آباد ‘ کریمنگر ‘ سکندرآباد اور نظام آباد سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب کو حیرت کا شکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو زبردست تائید ملی ہے ۔ یہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ یہاں سے پارٹی کو چار لوک سبھا حلقوں سے اپنے دم پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پارٹی کو 19 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی سطح پر صرف ایک مقصد کے تحت انتخابات میں حصہ لیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اقتدار سے بیدخل کردیا جائے تاہم ملک کے عوام کو یہ احساس ہوگیا کہ علاقائی جماعتیں صرف خاندانی جماعتیں بن کر رہ گئی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ حالانکہ کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی ایس نے مشترکہ مقابلہ کیا لیکن وہاں بی جے پی نے مثالی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے یہ دعوی کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا مستقبل روشن ہے ۔ پارٹی اب ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے ایجنڈہ کے ساتھ پوری سرگرمی اور جذبہ کے ساتھ کام کریگی ۔