جنوب مغربی مانسون میں مزید پیشرفت

تین دن بعد رائلسیما سے ٹکرانے کا امکان ، موسمیات کے سائنس داں نرسمہا راؤ کا بیان

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جنوب مغربی مانسون جو 5 جون تک تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں سے ٹکراتا ہے ہنوز رائلسیما پہنچنا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے سائنس داں نرسمہا راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس دوران آج جنوب مغربی مانسون میں مزید پیشرفت ہوئی اور شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ ، ناگالینڈ ، منی پور ، میزورم ، تریپورہ ، ارونا چل پردیش ، آسام اور سب ہمالین ریجن مغربی بنگال اور سکم کے چند حصوں کا احاطہ ہوا ۔ موسمیات کے سائنس دان نرسمہا راؤ نے بتایا کہ آئندہ دو تا تین دن کے دوران جنوبی بحر عرب کے مزید حصوں ، کرناٹک کے مابقی حصوں اور کونکن اور گوا کے چند مزید حصوں میں جنوب مغربی مانسون کی مزید پیشرفت کے لیے حالات سازگار ہیں ۔ تین دن بعد گوا ، کونکن سے ٹکرانے کے بعد امکان ہے کہ یہ رائلسیما پہنچے گا ۔ نرسمہا راؤ نے کہا کہ عام طور پر جنوب مغربی مانسون کی آمد کیرالا ، رائلسیما اور ساحلی آندھرا پردیش کے بعض حصوں میں یکم جون کو ہوتی ہے اور 5 جون تک اس کی آمد حیدرآباد ، وشاکھا پٹنم میں ہوا کرتی تھی اور پورے تلنگانہ اور آندھرا کے علاوہ مہاراشٹرا ، اڑیسہ وغیرہ کے چند حصوں میں 10 جون تک پہنچ جاتا تھا ۔ لیکن اس سال یہ ابھی رائلسیما میں پہنچنا باقی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مانسون آئندہ تین دن میں رائلسیما پہنچ جائے گا ۔ اس دوران رائلسیما کے چند مقامات ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں کہیں کہیں اوسط تا شدید بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف میں موسمی پیش قیاسی اس طرح کی گئی ہے کہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ شہر کے کچھ حصوں میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت اعظم ترین اور اقل ترین بالترتیب 38 اور 27 ڈگری سلسیس رہے گا ۔۔