جنوب مغربی مانسون مقررہ وقت پر ساحل کیرالا سے ٹکرائیگا

حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) چونکہ اب مانسون سیزن کے آغاز کا وقت قریب آ رہا ہے ایسے میں مانسون کی آمد کی تاریخ پر بھی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ تاہم اسکائی میٹ سائیسندانوں کا کہنا ہے کہ جو موسمی حالات بنتے آ رہے ہیں ان کے مطابق اس بات کی بہت زیادہ امید ہے کہ جاریہ سال مانسون ساحل کیرالا سے بروقت ٹکرائیگا ۔ مانسون کی کیرالا آمدکی تاریخ یکم جون ہے جس میں کبھی پانچ دن کی کمی و بیشی بھی ہوتی ہے ۔ تاہم اس بار سائینسدانوں کے بموجب مانسون کی بروقت آمد کا امکان زیادہ ہے ۔ سائنسدانوں کو امید ہے کہ جاریہ سال مانسون معمول کے مطابق رہے گا اور حسب روایت 100 فیصد تک بارش ہوسکتی ہے جس میں پانچ فیصد کی کمی یا زیادتی کی گنجائش رہتی ہے ۔ واضح رہے کہ جنوب مغربی مانسون کیرالا پہونچنے سے چار تا پانچ دن قبل انڈمان و نکوبار جزائر کو پہونچتا ہے ۔ تاہم ساحل کیرالا پر مانسون کی آمد کی تاریخ کے اعلان سے قبل کئی امور کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ ماہرین موسمیات کے بموجب مانسون کی آمد ہمیشہ ہی موسمی حالات کے تابع رہتی ہے ۔ اسکے علاوہ ہواؤں کی سمت اور رفتار کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے ۔ مانسون کی آمدکی تاریخ یکم جون ہے تاہم مانسون وقت سے پہلے ٹکرایا ہے اور کبھی آمد میں تاخیر بھی ہوئی ہے ۔ تاہم کبھی بھی مانسون 10 مئی سے قبل نہیں آیا ہے ۔