جنوبی یمن میں جھڑپیں، 25 ہلاک

عدن ۔11 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی یمن میں ایرانی پشت پناہی کے حامل حوثیوں اور سرکاری فوج کے مابین گھمسان کی لڑائی جاری ہے جس کے نتیجہ میں کل رات تقریباً 25 افراد ہلاک ہوگئے ۔ فوجی اور میڈیکل شعبہ سے وابستہ عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب زیرقیادت اتحادی افواج کے عدن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانے پر فضائی حملوں کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئی ۔ حوثی اور صدر عبدالربہ منصور الہادی کی وفادار فوج کے مابین ان جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک معمر خاتون ، ایک آدمی اور ایک بچہ بھی گھات لگاکر کئے گئے حملے میں ہلاک ہوگئے ۔ اس دوران یمن کے جنوب میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار جنگجوؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایرانی فوج کے دو افسران کو حراست میں لے لیا ہے۔ ہفتے کے روز اس ملیشیا کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ ایرانی فوجی حوثی باغیوں کو ہدایات دے رہے تھے۔ تہران حکومت یمن میں حوثی باغیوں کی امداد کے الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔ اگر اس دعوے کی تصدیق ہو گئی، تو اس سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی قیادت میں ایک عسکری اتحاد کے یمن میں فضائی حملے اپنے تیسرے ہفتے میں ہیں۔