جنوبی ہند میں اقتدار ‘ بی جے پی کا اگلا نشانہ

کارکنوں کیلئے سہ روزہ ورکشاپ ‘ دتاتریہ و دوسروںکا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( این ایس ایس ) تلنگانہ بی جے پی نے آج اپنے ورکرس کیلئے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا اور ان پر زور دیا کہ مودی حکومت کے ترقیاتی پروگراموں کے پیام کو عام کریں اور ریاست میںپارٹی کو مستحکم کریں۔ ٹریننگ پروگرام راشٹریہ ودیا کیندر انوجی گوڑہ گھٹکیسر منڈل میں منعقد ہوا جہاںمرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ‘ ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن ‘ سابقہ ارکان اسمبلی اور مرکزی قائدین نے شرکت کی ۔ ٹریننگ پروگرام کے تیسرے دن آج دتاتریہ نے اپنے خطاب میں کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس دور میں بینکوں کو قومیایا گیا لیکن غریب خاندانوں کا ایک بھی اکاؤنٹ نہیں کھولا گیا جبکہ وزیر اعظم نریندرمودی نے غریبوں کے بینک اکاؤنٹس زیرو بیالنس کے ساتھ کھولنے میں مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے چار کروڑ خاندانوںکو بیت الخلا کی سہولت فراہم کی ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مدرا بینک کے ذریعہ 2.3 کروڑ افراد کو قرض فراہم کیا گیا ہے اور دو کروڑ خواتین کو اجول اسکیم کے تحت گیس کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر وجئے سونکر شاستری نے کہا کہ بی جے پی اقدار پر مبنی سیاست کر رہی ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ ملک کو ذات پات اور مذہب کے نام پر تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ آر ایس ایس کے علاقائی پرچارک آلے شیام جی نے کہا کہ حب الوطنی ‘ ڈسیپلن اور قیادت کے معیار سے ملک کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے ۔ بی جے پی کے قومی تنظیمی اسسٹنٹ سکریٹری سودن سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کا آئندہ خواب جنوبی ہند میں اقتدار ہے ۔ پارٹی کو یہاں بوتھ سطح پر مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔