جنوبی کوریا کے وزیراعظم غرق جہاز کے سانحہ پر مستعفی

جنڈو۔ 27؍اپریل (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنوبی کوریا کے وزیراعظم آج مسافر بردار بحری جہاز کی غرقابی کے سانحہ کی بناء پر مستعفی ہوگئے۔ اس سانحہ میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتہ ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم چنگ ہانگ ون نے حادثہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ دریں اثناء غوطہ خور ناخوشگوار موسمی حالات اور طاقتور سمندری طوفان کی وجہ سے غرق بحری جہاز میں پھنسی ہوئی مزید نعشیں برآمد کرنے سے قاصر رہے۔ سانحہ کی تحقیقات سمندری ٹریفک کنٹرولرس کی جانب سے جاری ہیں۔