جنوبی کوریا کے صدر تین روزہ دورہ پر شمالی کوریا پہنچے

سیول ،18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے صدر مون جائی ان 3 روزہ سرکاری دورے پر پیانگ یانگ پہنچ گئے ، ایئر پورٹ پر شمالی کوریا رہنما کم ان اور سیکڑوں افراد نے جنوبی کوریا کے صدر کا استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے اور جنگ بندی کے معاملات سمیت دیگر امور پر بات چیت کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات ہے اور شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمہ کی ٹائم لائن پر متفق ہونا اہم پیش رفت ہو گی۔جنوبی کوریا کا کہناہے کہ امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ نے صدر مون جائی ان کو امریکہ اورشمالی کوریا کے درمیان اعلیٰ مذاکرات کا کردار ادا کرنے کو کہاہے جبکہ شمالی کوریا کے حکام کا کہناہے کہ بات چیت میں تعطل کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے ۔