سیئول، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے آج کہا کہ اس کی فوج نے امریکی فوج کے ساتھ مل کر فوجی مشق کی ہے ۔ اس فوجی مشق میں ایٹم بم گرانے کی صلاحیت والا امریکی لڑاکا طیارہ سوپرسانک بی -1 بی لانسر بامبر بھی شامل ہوا۔جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان مون سانگ گیون نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان یہ مشترکہ فوجی مشقیں کل کی گئی تھیں۔ مسٹر گیون نے اس فوجی مشق کے بارے میں تفصیلی معلومات دینے سے انکار کر دیا۔اس سے قبل شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا نے امریکہ پر مشترکہ فوجی مشق کرکے جزیرہ نما کوریا پر ایٹم بم گرانے کی مشق کرنے کا الزام لگایا تھا۔ شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا نے آج کہا کہ امریکی لڑاکا طیارہ سوپرسانک بی -1بی لانسر بامبر ایٹم بم گرانے کی مشق کرنے کے دوران جنوبی کوریا کے اوپر سے گزرا تھا۔