جنوبی کوریا:معزول صدر پارک کی گرفتاری کا مطالبہ

سیول، 27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے استغاثہ نے آج کہا کہ وہ معزول صدر پارک گیون ہے کی گرفتاری وارنٹ کا مطالبہ کریں گے تاکہ بڑے تاجروں سے رشوت لینے کے الزامات کی تحقیقات کے دوران ان سے 20 دن تک جیل میں پوچھ گچھ کی جا سکے ۔65سالہ پارک گیون جنوبی کوریا کی پہلی جمہوری طریقے سے منتخب کی گئی صدر بنی تھیں لیکن اس ماہ آئینی عدالت نے انہیں پارلیمانی فرد جرم کی مدد سے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ پارک گیون پر اپنی ایک دوست کی مدد کرنے کا الزام تھا۔ تاہم پارک گیون اور ان کی دوست نے ان الزامات سے انکار کیا ہے ۔استغاثہ کے دفتر نے اس وارنٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شک ہے کہ پارک گیون اس دوران ثبوت کو تباہ کرنے کی کوشش نہیں کریں گی۔ دفتر نے کہا، یہ معاملہ بہت سنگین ہے کیونکہ مشتبہ لوگوں نے طاقتوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے کمپنیوں کو پیسے دے کر کارپوریٹ انتظام کی آزادی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ گزشتہ ہفتے ہی ان سے 14گھنٹوں تک پوچھ گچھ ہوئی تھی۔ اگر عدالت پارک گیون کا گرفتاری وارنٹ جاری کر دیتی ہے تو وہ ملک کی تیسری سابق صدر بن جائیں گی جن پر حراست کے دوران پوچھ گچھ کی جائے گی۔