جنوبی کوریا، بحری جہاز سے زندہ بچنے والے اسکول وائس پرنسپل کی خودکشی

سیئول۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کوریا میں حادثے کا شکار ہونے والے بحری جہاز سے بچ جانے والے وائس پرنسپل نے کل خود کشی کرلی۔اس بحری جہاز میں سیکڑوں طالبعلم سوار تھے۔ حکام کے مطابق اس استاد نے ایک درخت سے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ چہارشنبہ کے روز حادثے کا شکار ہونے والے اس جہاز پر 475مسافر سوار تھے، جن میں سے اب تک صرف 179کو بچایا جا چکا ہے

جبکہ جہاز میں سوار دیگر168 افراد کے زندہ رہنے کی امیدیں دم توڑتی جارہی ہیں۔دوسری جانب حادثے کے دوروز بعد غوطہ خوربحری جہاز میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء استغاثہ نے حادثے کا شکار ہونے والے بحری جہاز کے کپتان اور جہاز کے عملے کے دو دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ دریں اثناء حکام کا کہنا ہے کہ جہاز میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے سرچ آپریشن رات بھر جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ جہاز میں سوار افراد 475مسافروں میں سے 350ہائی اسکول کے طالب علم تھے۔