سری نگر 23جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کے روز لشکر طیبہ کے تین جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کولگام میں پیر کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم کولگام سے گذرنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں بشمول امرناتھ یاتریوں کی گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔ تاہم اس شاہراہ پر پیر کو احتیاطی طور پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق کولگام میں سرکاری دفاتر اور بینکوں میں پیر کو معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ جنوبی کشمیر کے بعض حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ تاہم اتوار کو معطل رہنے والی ریل خدمات بحال کردی گئیں۔ بتادیں کہ کولگام کے کھڈونی میں اتوار کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ایک پاکستانی سمیت تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کے مطابق مارے گئے جنگجو ٹرینی پولیس کانسٹیبل محمد سلیم شاہ کو اغوا اور قتل کرنے میں ملوث تھے۔