جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں تصادم، چار جنگجو ہلاک

سرینگر، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین کے مشترکہ گروپس سے تعلق رکھنے والے چار عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ تین فوجی جوان اور ایک پولیس ملازم کو زخم آئے ۔ پولیس نے کہاکہ یہ انکاؤنٹر جموںو کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج پیش آیا ۔ پلوامہ کے لاسی پورہ علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے تعلق سے قابل بھروسہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسیس نے آج صبح ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی مہم چلائی ۔ پولیس کے ترجمان نے کہاکہ تلاشی کے دوران عسکریت پسندوں نے فورسیس کی سرچ پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اس کے بعد پیش آئے انکاؤنٹر میں چار عسکریت پسند ہلاک ہوئے اور اُن کی نعشیں مقام واردات سے برآمد کرلی گئی ۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ پلوامہ آپریشن۔ چار جنگجو مارے گئے ۔ جنگجو ساز وسامان برآمد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا اورچار جنگجو مارے گئے۔