سری نگر ، 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے کے دوران دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے والے نوجوان کی لاش ملنے کے بعد ہفتہ کو سنگم میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے ۔ذرائع کے مطابق سنگم میں جمعہ کی شام احتجاجی مظاہرے کے دوران تین نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز کی کاروائی سے بچنے کے لئے دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی۔ اگرچہ دو نوجوان تیرتے ہوئے دریا سے باہر آگئے ، لیکن شہباز احمد خان ساکن ڈڈو مرہامہ ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی لوگوں نے ہفتہ کی صبح جب شہباز کی لاش برآمد کی تو وہاں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔