سری نگر ، 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سامبورہ پانپور میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک پاکستانی جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ تاہم علاقہ میں موجود دو دیگر جنگجو زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے مقام پر آزادی حامی مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں ایک احتجاجی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو جھڑپ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے سامبورہ پانپور میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی راشٹریہ رائفلز ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ‘سیکورٹی فورسز جب علاقہ کو محاصرے میں لے رہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کرنا شروع کردی’۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک پاکستانی جنگجو مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں موجود دیگر دو جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے دونوں جنگجوؤں کو گولیاں لگی ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے ایک اے کے 47 رائفل برآمد کی گئی ہے ۔