سری نگر،29ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے پانپور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پانپور گرڈ اسٹیشن میں تعینات سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل اے کے داس نے اپنی سروس انساس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود وادی میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ۔