جنوبی کشمیر میں سیلاب اور دریائے جہلم میں طغیانی

سرینگر۔/25جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر میں گزشتہ شب سے موسلا دھار بارش کے باعث ندیوں اور دریاؤں میں طغیانی آجانے کی وجہ سے بیشتر مقامات پانی میں محصور ہوگئے ہیں جبکہ دریائے جہلم خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کے بعد اضلاع اننت ناگ اور پلواما میں سرکاری مشنری کو چوکس کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کا فی الفور مقابلہ کیا جاسکے۔ ضلع کلگام میں ویشو ندی میں شگاف پڑ جانے سے کئی مقامات پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلواما میں زوردار بارش سے سیلاب میں متعدد بریجس اور سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ ضلع کلگام کے علاقہ چمگونڈ میں بعض خانہ بدوش ( بنجارے ) سیلاب کے پانی میں محصور ہوگئے ہیں جبکہ اضلاع اننت ناگ اور پلواما کے نشیبی علاقوں میں مقیم عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء جموں ۔ سرینگر شاہراہ پر زبردست بارش سے چٹانیں اور مٹی کے تودے کھسکنے سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی جس کے باعث مسافرین کو زبردست مشکلات پیش آرہی ہیں۔