سرینگر3نومبر(سیاست ڈاٹ کام)فوج اور دہشت گرد تنظیم جیش محمد(جے ای ایم)کے درمیان ہونے والے تصادم میں فوج کے دوجوانوں کی شہادت اور جیش محمد کے دودہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد آج سیکورٹی وجوہات کی بناپر جنوبی کشمیر میں ریلوے کی خدمات کو معطل کردیا گیاہے۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یواین آئی کو بتایا کہ ریلوے خدمات صرف جنوبی کشمیر میں معطل کی گئی ہیں تاہم،سری نگر۔ بڈگام(وسطی کشمیر)اور بارہ مولہ(جنوبی کشمیر) میں ریلوسے سروسز پہلے کی طرح ہی جاری رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر سے بانیہال(جموں ریجن) سری نگر۔ اننت ناگ۔قاضی گنڈکی تمام ٹرینیں آج معطل رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پولس کی جانب سے موصول تجاویز کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ریلوے خدمات متاثر ہونے سے آج جنوبی کشمیر کے لئے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو مایوسی کے ساتھ لوٹنا پڑا ہے اور انہیںکافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تاہم ، علیحدگی پسندوں کی جانب سے کسی طرح کی ہڑتال کا اعلان نہیں ہوا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کئی دفعہ ٹرین خدمات متاثر ہوئی تھیں۔