سری نگر 23جون (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان اور کولگام میں ایک مسلح تصادم کے دوران تین مقامی جنگجوؤں اور ایک عام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف جمعہ کو مکمل تعزیتی ہڑتال سے عام زندگی مفلوج رہی۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کسی بھی حصے میں لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم کسی بھی طرح کے تشدد کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بدستور جاری رکھی گئی ہے ۔اگرچہ علیحدگی پسند قیادت یا کسی دوسری تنظیم نے آج کوئی ہڑتال کال نہیں دی تھی، لیکن باوجود اس کے جنوبی کشمیر کے سبھی چار اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیان اور کولگام میں دکانیں اور تجارتی مراکز شٹرڈاون رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ تاہم جنوبی اضلاع کے قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں کی سنسان سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی بھاری جمعیت گشت کرتی ہوئی نظر آئی۔