نئی دہلی ۔ 2 سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی چین کے سمندر میں چین کی سرگرمیوں کے سخت مخالف ملک آسٹریلیا نے متنازعہ سمندر میں جارحیت اور ڈرانے دھمکانے کی پالیسیوں کے خلاف چین کو آج سخت انتباہ دیا اور بحرہند کے علاقہ میں استحکام کے لئے ہندوستان کے کلیدی رول کا ادعاء کیا۔ آسٹریلیا کے وزیر دفاع کیوین اینڈریوز نے اس ضمن میں حکمت عملی کے کلیدی ساجھیدار ہندوستان کے ساتھ گہرے دفاعی تعلقات پر زور دیتے ہوئے 2007 ء میں کی گئی بحری مشقوں کے خطوط پر اس علاقہ میں امریکہ اور جاپان کے ساتھ چار فریقی بحری مشقوں کے احیاء کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت دفاع کے مفکر ادارہ آئی ڈی ایس اے کے زیراہتمام ایک لکچر دیتے ہوئے کیوین اینڈریوز نے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہند ۔ بحر الکاہل علاقہ میں کشیدگی و غیریقینی جاری ہے جو بعض صورتوں میں مزید سنگین ہورہی ہے ‘‘۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر حالیہ چند مہینوں کے دوران جنوبی چین کے سمندر پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔ کیوین اینڈریوز نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’جنوبی چین کے سمندر پر اپنے ادعاء پر پیشرفت یا جوں کے توں موقف کو یکطرفہ طورپر تبدیل کرنے چین کی کسی بھی کوشش ، ڈرانے ، دھمکانے یا جارحیت کی پالیسی کی آسٹریلیا شدت سے مخالفت کرتا ہے ۔ بالخصوص جنوبی چین کے سمندر میں فوجی سرگرمیوں کے اندیشوں پر ہمیں گہری تشویش ہے‘‘ ۔ چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ایک معمولی جزیرہ کو فوجی ایرپورٹ میں تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش کسی بھی صورت میں اس علاقہ میں امن و استحکام کے اضافہ کا سبب نہیں بن سکتی ۔