ممبئی ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ممبئی کے کاماٹی پورہ علاقہ میں سہ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں 5 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ بلدی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ چیف فائر آفیسر پربھات رہانگڈلے نے بتایا کہ یہ عمارت 90 سال قدیم تھی اور اس کی مرمت کا کام جاری تھا کہ آج دوپہر اچانک منہدم ہوگئی ۔ 4 افراد کی برسرموقع موت واقع ہوئی جبکہ ایک علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ اس عمارت میں 4 کرایہ دار تھے اور چند دوکانات بھی موجود تھے لیکن جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تمام دوکانات بند تھیں ۔ زخمیوں کا شہر کے جے جے ہاسپٹل اور نیر ہاسپٹل میں علاج جاری ہے ۔