منیلا ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی فلپائن میں ایک ہی روز میں بیس افراد مارے گئے جبکہ اس گڑبڑ زدہ خطہ میں بدامنی کی تازہ لہر چھڑ گئی ہے، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ ملٹری نے قبل ازیں کہا تھا کہ جمعہ کو 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ حکومتی دستوں اور القاعدہ سے مربوط عسکریت پسندوں کے درمیان جنگل کے خطہ میں شدید لڑائی ہوئی، جہاں مختلف مسلم انتہا پسند اور بنڈٹ گروپ سرگرم ہیں۔ تین زرعی ورکرس بشمول ایک باپ اور بیٹا کل جنوبی جزیرہ باسیلن میں جبری وصولی کی مشتبہ کوشش میں گولی مار کر ہلاک کردیئے گئے، اس جزیرہ کے دارالحکومت کے پولیس سربراہ سینئر انسپکٹر جین گلارڈو نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ یہ تین مہلوکین محض عام مزدور تھے جن کا کسی سے کوئی جھگڑا نہ تھا۔ اسی روز ایک آٹھ سالہ لڑکی اور ایک 43 سالہ شخص ایک مورٹار شل کے ذریعہ مارے گئے جو جنوبی ٹاؤن پکیٹ میں بانگسامورو اسلامک فریڈم فائٹرز نے فائر کیا تھا، ریجنل ملٹری کے ترجمان کرنل ڈکسن ہرموسو نے یہ بات بتائی۔