جنوبی سوڈان کی لڑائی بینیتو پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش

بوجا ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان میں سلوا کیر کی حامی فوج نے بینیتو نامی شہر پر دوباہ قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق سابق صدر رک مچار کی باغی دستوں کے خلاف ان کی کوشش ناکام ہو گئی۔ اسی طرح شہر بور کے قریب بھی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مزید امن دستوں کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ عالمی ادارے نے بتایا کہ لڑائی کی وجہ سے ایک اندازے کے مطابق تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

’یہودی مخالف‘ کامیڈین پر پابندی
پیرس ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے مزاحیہ اداکار دیودونی ایمبالا پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایک اعلیٰ انتظامی عدالت نے دیو دونی پر یہودیوں کی تضحیک کرنے کی وجہ سے یہ پابندی عائد کی ہے۔ فرانس کے وزیر داخلہ مانوئیل والس نے پابندی کے حوالے سے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ دیودونی ایک عرصے سے فرانس میں کامیڈی کی دنیا کا اہم نام ہیں۔ تاہم جب انہوں نے طنز و مزاح کے دوران یہودیوں کا حوالہ دیا تو اسے نسل پرستی قرار دیاگیا۔