جنوبی سوڈان پر سلامتی کونسل کی پابندیوں میں توسیع

اقوام متحدہ ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) سلامتی کونسل نے سوڈان پر پابندیوں میں وسط جولائی تک توسیع کی منظوری دی ہے۔ اس سے قبل سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان کے چھ اہم رہنماؤں کے سفر پر پابندی اور ان کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔خبر رساں اداروں کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں سوڈان پر پابندیوں میں توسیع کا بل امریکہ کی طرف سے پیش کیا گیا۔ اس پر رائے شماری کے دوران 9 ممالک نے پابندیوں میں توسیع کی حمایت کی جب کہ چھ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ کسی ملک کی طرف سے اس کی مخالفت میں ووٹ نیں ڈالا گیا۔قبل ازیں اقوام متحدہ میں امریکی خصوصی ایلچی نکی ہیلی نے ’واشنگٹن پوسٹ‘ میں شائع اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ ’موجودہ حالات میں امریکی انتظامیہ کا جنوبی سوڈان کے حوالے سے صبر کاپیمانہ لبریز ہوچکا ہے‘۔سلامتی کونسل میں سوڈان کے خلاف پیش کردہ بل پررائے شماری سے قبل نکی ہیلی نے کہا تھا کہ سوڈان میں متحارب فریقین کے محاسبے کے لیے پوری عالمی برادری کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اگر جنوبی سوڈان میں 30 جون تک لڑائی ختم نہیں ہوتی تو سلامتی کونسل لڑائی میں شامل رہنماؤں اور ان کے اثاثوں پر نئی پابندیاں عائد کرے گی۔