جنوبی سوڈان میں تصادم10 لاکھ افراد بے گھر

جوبا ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : جنوبی سوڈان میں گذشتہ تین ماہ سے جاری لڑائی کے درمیان کم سے کم 10 لاکھ افراد مجبوراً اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کو فرار ہوگئے ۔ اس دوران اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے ۔ رابطہ برائے انسانی امور سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے کہا کہ ’ جنوبی سوڈان میں تصادم کے آغاز کے 100 دن کی مدت میں 10 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہونے کے لیے مجبور ہوگئے ۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ 80 لاکھ افراد سوڈان کے مختلف مقامات کو منتقل ہوگئے ہیں ۔ 2 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد پڑوسی ممالک ایتھوپیا ، کینیا ، یوگانڈا اور سوڈان میں پناہ گزین کی حیثیت سے سکونت پذیر ہیں ۔ واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں 15 دسمبر کو صدر سلواکیر کے وفاداروں اور ان کے انتخابی حریف سابق نائب صدر ایک ماچر کے حامیوں کے مابین لڑائی شروع ہوگئی تھی ۔ حکومت اور باغیوں کے درمیان جنوری میں جنگ بندی کا سمجھوتہ ہوا تھا جس کے باوجود لڑائی جاری ہے ۔۔