حیدرآباد ۔ 3۔جون (سیاست نیوز) کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے جنوبی ہند کی ریاستوں پر ہندی مسلط کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے ہندی کی تعلیم کو لازمی قرار دینے سے متعلق کستوری رنگن کمیٹی کی سفارشات کی مخالفت کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ دراصل جنوبی ریاستوں کی تہذیب پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلگو دوسری زبان ہے جو سب سے زیادہ بولی جاتی ہیں لیکن حکمرانوں کی لاپر واہی کے سبب یہ تیسرے مقام پر پہنچ گئی ۔ ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ آیا ہندی ریاستوں میں تلگو زبان کو لازمی قرار دیا جائے گا؟ انہوں نے ہندی کو مسلط کرنے کی کوششوں کے بارے میں مرکز سے وضاحت طلب کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کانگریس قائدین ششی تھرور ، چیف منسٹر کرناٹک کمارا سوامی اور مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اپنے خیالات سے واقف کرایا ۔