جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے ہند و پاک تعلقات اہمیت کے حامل

واشنگٹن 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں اگر امن کا بول بالا کرنا ہے تو اس کے لئے ہند و پاک تعلقات کی نوعیت انتہائی اہمیت اور ساتھ ہی ساتھ تشویش کی حامل ہے اور سب سے زیادہ اہمیت اس بات کو دی جانی چاہئے کہ پاکستان ممبئی حملوں کے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے اخباری نمائندوں کی جانب سے اقوام متحدہ میں حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے ٹکراؤ کے بارے میں جب پوچھا تو انھوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا دار و مدار ہند و پاک کے خوشگوار تعلقات میں مضمر ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹونر نے کہاکہ امریکہ اس بات کا خواہاں ہے کہ ممبئی حملوں کے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچاتے ہوئے مہلوکین کے ارکان خاندان کو احساس انصاف دلایا جاسکے۔ یاد رہے کہ نومبر 2008 ء میں ممبئی میں ہوئے دہشت گرد حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہم نے ممبئی حملوں کی سماعت کا قریب سے مشاہدہ کا سلسلہ جاری رکھا ہے جبکہ ہمارا (امریکہ) یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کئے جانے چاہئے کہ آئندہ سے ممبئی حملوں کی نوعیت کا کوئی حملہ نہ ہو۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کے لئے وہ ایک بڑا ہی المناک واقعہ تھا۔