جنوبی ایشیاء مذاکرات کیلئے بہترین معاون صحافت کی ضرورت

نئی دہلی ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ایشیاء میں علاقائی مفاہمت کو فروغ دینے میں میڈیا کے رول پر آٹھویں جنوبی ایشیائی مذاکرات کے دوران آج تمام جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے یہ تسلیم کیا کہ بہترین معاون صحافت کی ضرورت ہے تاکہ صحافت نہ صرف جنوبی ایشیاء میں مفاہمت کو فروغ دینے کیلئے کام کریں بلکہ اس خطہ میں غلط فہمیوں کو پھیلنے نہ دیں۔ نئی دہلی میں 28 اور 29 اکٹوبر کو منعقدہ ان مذاکرات میں حصہ لینے والوں میں میڈیا کے رول پر ایک دوسرے سے متعلق معلومات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا کو باہمی شعور بیداری پیدا کرنے میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ ماہرین نے یہ بھی ضرورت ظاہر کی کہ مختلف جنوبی ایشیائی ممالک کے میڈیا کے درمیان مضامین اور رائے عامہ کے ذریعہ کالم نویسی اور اظہارخیال کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے درمیان ان مسائل پر خیالات کا باقاعدہ تبادلہ ہونا چاہئے۔ ہندوستان بلاشبہ جنوبی ایشیاء میں مرکزی مقام رکھتا ہے۔ ہندوستانی میڈیا اس سمت میں بہترین قیادت کرتے ہوئے دیگر ممالک کے میڈیا کے ساتھ اتحاد قائم کرسکتا ہے۔ ان مذاکرات میں جنوبی ایشیاء کے ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔