نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہا ہیکہ علاقہ جنوبی ایشیاء میں تصادم اور سیکوریٹی کے مسائل سے انسداد غربت اور فروغ انسانی وسائل میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ ساوتھ ایشیاء یونیورسٹی کے زیراہتمام ایک سمینار کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں خانہ جنگی اور سیکوریٹی کے مسائل عام ترقی کے ایجنڈہ کیلئے ایک چیلنج بن گئے ہیں اور بین الاقوامی تصادموں کی روک تھام کے بغیر ترقی کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے بعض ممالک نے زبردست معاشی ترقی حاصل کی ہے لیکن پورے جنوبی ایشیاء میں غریبوں، غیر تعلیم یافتہ افراد کی کثیرتعداد پائی جاتی ہے کیونکہ معاشی ترقی کے ثمرات غریبوں تک نہیں پہنچ رہے ہیں۔ واضح رہیکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نومبر 2005ء کے 13 ویں سارک اجلاس میں ساوتھ ایشیاء یونیورسٹی کے قیام کی تجویز پیش کی تھی اور اب یہ یونیورسٹی عملی شکل اختیار کررہی ہے جہاں پر سارک ممالک کے طلبہ مشترکہ طور پر تعلیم حاصل کریں گے۔