واشنگٹن ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار اس وقت پاکستان میں ہیں تاکہ وہ اس بات کا جائزہ لے سکیں کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی علاقائی پالیسی خصوصی طور پر دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے نفاذ کے بعد پاکستان میں کیا کیا تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری ان بیوریو آف ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشین افیئرس ایلائس ویلز کل پاکستان پہنچی ہیں۔ دریں اثناء اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اپنے قیام کے د وران ایلائس ویلز جنوبی ایشیاء کیلئے وضع کی گئی ہماری حکمت عملی اور پاکستان کے اس وعدہ پر جہاں اس نے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپس کے مکمل صفائے کی بات کی ہے، کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور کمرشیل تعلقات کو مستحکم کرنے پر بھی بات چیت کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک اس سے استفادہ کرسکیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے البتہ ایلائس ویلز کے پاکستان میں قیام کی مدت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا لیکن یہ کہا جارہا ہیکہ محترمہ کراچی بھی جائیں گی جہاں وہ سینئر سرکاری عہدیداران اور تجارتی برادری سے بھی ملاقات کریں گی۔ اسلام آباد میں محترمہ امریکی سفارتخانہ کے اسٹاف سے ملاقات کریں گی جبکہ پاکستانی حکومت کے متعدد سینئر عہدیداروں، بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین اور خانگی سیکٹرس کے ارکان سے ملاقات بھی ان کے پروگرام میں شامل ہے۔ ایلائنس ویلز کا دورہ پاکستان ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب یہ رپورٹس مل رہی ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے خلاف کئی سخت اقدامات کرنا چاہتا ہے۔