تہران 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سرکاری ٹی وی چیانل کی خبر کے بموجب جنوبی ایران میں 5.5 شدت کا زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی وجہ سے چھوٹے سے قصبہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر 12 زخمی ہوگئے۔ خبر کے بموجب زلزلہ کا جھٹکہ آج صبح قصبہ بستک میں جو تہران سے 1200 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے ، محسوس کیا گیا۔ قصبہ کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ مقام حادثہ پر موجود بچاؤ کارکنوں نے کہاکہ یہ علاقہ زلزلوں کے اعتبار سے انتہائی مخدوش آتشیں حلقہ میں واقع ہے اور یہاں پر اوسطاً روزانہ ایک زلزلہ کا جھٹکہ جو معمولی ہوتا ہے ، محسوس کیا جاتا ہے۔ 2003 ء میں 6.6 شدت کے زلزلے سے جنوب مغربی ایران کا شہر بام زمین دوز ہوگیا تھا جس میں 26 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سابق وزیراعظم اسرائیل ایریل شارون شدید بیمار
یروشلم 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم اسرائیل ایریل شارون جو 2006 ء سے کومہ میں ہیں، شدید بیمار ہوگئے جبکہ اُن کی صحت میں سنگین انحطاط پیدا ہوا۔ گزشتہ چند دن سے تمام اعضائے رئیسہ ناکارہ ہوگئے ہیں۔ شیبہ میڈیکل سنٹر تل ہشومر کے صدر شیبا میڈیکل سنٹر پروفیسر زائف روٹسٹین نے کہاکہ گزشتہ چند دن سے ایریل شارون کے اعضائے رئیسہ کی کارکردگی میں مسلسل انحطاط پیدا ہورہا ہے جن کی کارکردگی اُن کی بقاء کے لئے ضروری ہے۔ اُن کی حالت سنگین ہے یعنی اُن کی زندگی کو خطرہ ہے۔ طبی عملہ اور شارون کے ارکان خاندان کو بدترین حالات کی توقع ہے۔