انڈیانا پولیس 7جنوری (سیاست ڈاٹ کام )انتہائی خطرناک سرد قطبی ہوا نے آج امریکہ کے مغربی وسطی سے لیکر جنوبی اور مشرقی علاقوں میں شدید سردی پھیلاتے ہوئے برسوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ۔ مشرقی کینیڈا میں تباہ سردی کا سامنا کررہا ہے ۔ کئی اسکول اور تجارتی ادارے بند کردیئے گئے ہیں ۔ کل کا شدید سردی کا درجہ حرارت شکاگو پورٹ وین اورانڈیا نا میں سابقہ ریکارڈ توڑ چکا ہے۔جہاں کے درجہ حرارت میں 25 درجہ سیلسیس کمی واقع ہوئی ۔ اوکلا ہوما اور ٹیکساس میں درجہ حرارت میں 40درجہ سیلسیس کی کمی واقع ہوئی ۔ انڈیانا جیسی ریاستیں پہلے ہی تیز رفتار ہواوں اور30 سنٹی میٹر برفباری کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کررہی ہے ۔ انڈیانا پولیس کے میئر گریگ بالار نے کل کہا کہ انہوں نے اسکولس اور تجارتی ادارے ایک اور دن بند رکھنے کے احکامات دیئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مناسب لباس کے بغیر 10 منٹ گذارنے پر بھی موت واقع ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قطبی سرد ہوا کی آئندہ منزل مشرقی اور جنوبی امریکہ ہوگی ۔ امکان ہے کہ یہاں مزید ریکارڈ ٹوٹیں گے ۔ منفی 17 سے منفی 13 درجہ سیلسیس درجہ حرارت جارجیا اور الباما میں ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔سرد ہوا سے جنوبی بعید کے علاقوں جیسے فلوریڈا میں انتہائی سرد ہوا چلنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق اٹلانٹا میں منفی 23درجہ اور بالٹی مور میں منفی 24 درجہ سیلسیں درجہ حرارت ہونے کا اندیشہ ہے ۔ 28 کروڑ 70 لاکھ عوام قطبی سرد ہوا سے متاثر ہوں گے ۔ اور برقی توانائی کی طلب میں اضافہ ہوگا ۔ اوہایو گذشتہ کئی برسوں میں پہلی بار شدید سردی کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں ۔الی نوائے اور انڈیانا کے گورنرس نے آفات سماوی کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔